سرینگر: کشمیر میں ہفتے کو بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔

شمالی کشمیر کے رازدان ٹاپ اور مغل روڈ پر پیر کی گلی میں برفباری کے باعث گریز-بانڈی پورہ اور پونچھ-راجوری-شوپیاں سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

سرینگر لیہہ شاہراہ پر بھی زوجیلا پاس پر برفباری کے بعد ٹریفک کو احتیاطاً روک دیا گیا ہے۔

صوبہ جموں کے رام بن میں ژالہ باری اور تیز بارشوں سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئی ہے، تاہم سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔ جبکہ محکمہ نے ڈرائیوروں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔