<p>(شبیر بھٹ)</p><p>ترال، جموں وکشمیر: ملکی سطح پر سوچھتا بھارت کے تحت سیوا پرو، کی پندرہ روزہ تقریبات کا آغاز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھی شان وشوکت کے ساتھ ہوا۔ اس دوران ماحول دوست اقدامات اٹھانے اور اور خود کو ماحولیاتی آلودگی کے خلاف سینہ سپر ہونے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔</p><p>اس حوالے سے ترال سب ضلع میں بھی تقریبات کا اہتمام ہوا۔ میونسپل کمیٹی ترال کی جانب سے سیوا پرو کے سلسلے میں آج پہلے دن اے ڈی سی آفس ترال سے سیول لاینز تک ایک صفائی مہم کا آغاز ہوا۔ جس کا افتتاح اے ڈی سی ترال ساجد یحییٰ نقاش نے کیا۔ جب کہ اس موقع پر اسٹیزن کونسل ترال کے سربراہ فاروق ترالی، عبد الاحد مجاہد اور ایم سی ترال کے ملازمین موجود تھے۔</p><p>اس موقع پر اے ڈی سی نے سوچھتا حلف پڑھایا جب کہ اس کے بعد ملازمین نے مختلف مذہبی مقامات اور مختلف نالوں کی صفائی کی۔ اس دوران دہی ترقی محکمے کی جانب سے تاریخی سیاحتی مقام شکارگاہ اور پنگلش میں بھی سیوا پرو کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں۔</p>