<p>سرینگر: سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے منگل کو سرینگر کے لالچوک سے خواتین اہلکاروں کی ’’آل ویمن ہائی آلٹی ٹیوڈ بائیک ڈرائیو‘‘ کو لداخ کی جانب روانہ کیا۔</p><p>سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ نے خواتین اہلکاروں کی خاتون بائیک رائیڈرز کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ مہم سات دنوں میں 1,400 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی اور پینگانگ سو لداخ تک پہنچ کر واپس آئے گی۔ یہ ٹیم راستے میں دنیا کے بلند ترین موٹربل پاس ’’خردونگ لا‘‘ کو بھی عبور کرے گی۔</p><p>سنگھ نے 2001 پارلیمنٹ حملے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خواتین اہلکاروں کی جرات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم سی آر پی ایف کی 66 سالہ خدمات اور قربانیوں کی علامت ہے۔</p><p>یہ خواتین بائیک سیریز کا تیسرا ایڈیشن ہے، جبکہ اس سے پہلے دو ایڈیشن دہلی-جگدلپور اور سرینگر-شیلانگ-کنیاکماری تک ہوئے تھے۔</p>