اونتی پورہ، جموں وکشمیر (شبیر بھٹ): اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی مرتب کردہ باوقار ٹاپ دو فیصد عالمی سائنسدانوں کی فہرست کے 2025 ایڈیشن میں، اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو کو لگاتار چھٹے سرفہرست رکھا گیا ہے۔ ہائیڈرولوجی، گلیشیالوجی اور کلائمیٹ سائنسز کے ماہر پروفیسر رومشو نے کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات حاصل کیے ہیں اور وہ انڈین اکیڈمی آف سائنسز، انڈین سوسائٹی آف ریموٹ سینسنگ اور انڈین سوسائٹی آف جیومیٹکس کے منتخب فیلو ہیں۔ اس سال کی فہرست میں اسلامک یونیورسٹی کے کئی دیگر فیکلٹی ممبران بھی شامل ہیں جو یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی تحقیق کی عکاسی کرتے ہیں۔

مسلسل کوششوں کے ٹھوس نتائج برآمد

سینٹر فار ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سے پروفیسر شکیل احمد، فوڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر بشارت نبی ڈار، شعبۂ کیمسٹری سے ڈاکٹر منظور احمد راتھر، واٹسن اینڈ کریک سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن سے ڈاکٹر مظفر احمد مژھا اور فزکس کے شعبہ سے ڈاکٹر شکیل احمد کھانڈے کو 2 فیصد ٹاپ سائنٹسٹس میں سے درج کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر اس کامیابی پر فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے، وائس چانسلر اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ پروفیسر رومشو نے کہا کہ اسلامک یونیورسٹی کی اپنے تحقیقی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کے ٹھوس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

یونیورسٹی سائنس اور ٹیکنالوجی میں اعلیٰ اثرات کے کام میں سرگرم عمل

پروفیسر رومشو نے کہا کہ یونیورسٹی ایک تحقیقی ادارے میں تبدیل ہو رہی ہے جو سائنس اور ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں میں اعلیٰ اثرات کے کام میں سرگرم عمل ہے۔ علمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر رومشو نے مزید کہا کہ انھیں امید ہے کہ یونیورسٹی مستقبل میں مزید ترقی کرے گی اور تحقیق کے میدان میں اور زیادہ سائنسدان عالمی سطح پر اپنا نام درج کرنے میں کامیاب ہوں گے۔