<p>جموں، (محمد اشرف گنائی): ناگروٹہ اسمبلی حلقہ ان دنوں ایک تاریخی اور دلچسپ سیاسی مقابلے کی تیاریوں میں مصروف ہے، جہاں پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور نیشنل کانفرنس (این سی) دونوں نے خواتین امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ 11 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں یہ مقابلہ ایک نئے سیاسی باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔<br>نیشنل کانفرنس کی امیدوار اور ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کی رکن شمیم بیگم کے ساتھ ای ٹی وی بھارت نے خصوصی گفتگو کی۔ جس میں انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا کیڈر ناگروٹہ کے ہر کونے میں مضبوطی سے موجود ہے۔ پارٹی نے ان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے اسمبلی انتخاب میں انہیں امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ڈی ڈی سی ممبر، انہوں نے علاقے میں عوامی سطح پر نمایاں ترقیاتی کام انجام دیے ہیں۔</p><p>ہم مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرتے</p><p>شمیم بیگم نے کہا کہ ہماری جماعت ایک سیکولر جماعت ہے، ہم مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرتے بلکہ انسانیت اور ترقی کے نعرے پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد عوامی فلاح اور مساوات ہے، نہ کہ مذہبی یا علاقائی تقسیم پیدا کرنا۔" انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کانفرنس ضمنی انتخاب کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور پارٹی قیادت بشمول عمر عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ آئندہ چند روز میں ان کی انتخابی مہم میں شرکت کریں گے۔ شمیم بیگم نے کہا کہ میں اور میری ٹیم گھر گھر جا کر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ ہم کامیابی کے بعد عوامی خدمت کے مزید بہتر مواقع پیدا کریں گے۔</p>
