<p>گاندربل، جموں وکشمیر (فردوس احمد تانترے): وادیٔ کشمیر کو لداخ یو ٹی سے ملانے والی 434 کلومیٹر طویل سری نگر لیہہ قومی شاہراہ تازہ برفباری کی وجہ سے آج بند ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاندربل کے سونہ مرگ، زوجیلا اور گگن گیر میں تیز برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے سونہ مرگ سڑک پر پھسلن پیدا ہونے سے چھوٹی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر کل رات سے ہی برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور سڑک پر پھسلن کی وجہ سے خاص طور پر زوجیلا کے پاس، شیطانی نالہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی ہے۔ </p><p>شاہراہ پر ٹریفک روک دیا گیا، متعدد گاڑیاں درماندہ</p><p>ذرائع کا کہنا تھا کہ متعدد گاڑیاں، جو اپنی اپنی منزلوں پر روانہ تھیں، شاہراہ کے دونوں اطراف میں درماندہ (پھنسی ہوئی) ہیں۔ ٹریفک پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ منی مرگ کی طرف سے زوجیلا پاس پر برف صاف کرنے کا کام شروع کیا جائے گا اگر موسم ٹھیک ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت تقریباً نا ممکن ہے۔</p>
