<p>اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے کے قریب واقع ’’متی گاؤرن‘‘ نامی ایک ایسا تاریخی بازار ہے جو صدیوں سے وادی کشمیر اور جموں صوبے کے درمیان تجارت اور تہذیب کا پل رہا ہے۔</p><p>یہ وہ مقام ہے جہاں مڑواہ، واڑون اور مرگن ٹاپ جیسے خوبصورت پہاڑی علاقے جڑے ہوئے ہیں۔ متی گاؤرن آج بھی ان خطوں کے لیے ایک ’’رگِ حیات‘‘ کی مانند ہے، ایک ایسا بازار جو ثقافت اور محنت کی زندہ و جاری مثال ہے۔</p><p>برف باری کے موسم میں جب مرگن ٹاپ عبو و مرور کے لیے بند ہو جاتا ہے، تو اس علاقے کا زمینی رابطہ بیرون دنیا سے کٹ کر رہ جاتا ہے۔ سرما میں ادویات، خوراک اور ایندھن کی قلت معمول بن جاتی ہے۔ </p><p>لوگ برسوں سے ایک سرنگ کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ سال بھر ان کا زمینی رابطہ منقطع نہ ہو۔ متی گاؤرن کے لوگ آج بھی بزرگوں کی روایت کو اس امید سے نبھا رہے ہیں کہ کبھی یہ تاریخی بازار پھر سے سیاحت اور ترقی کا مرکز بنے گا۔</p>
