<p>اننت ناگ: بجبہاڑہ، جہلم کے کنارے آباد جنوبی کشمیر کا وہ تاریخی قصبہ ہے جو صدیوں پرانے چنار اور مغل دور کے دلکش باغات کی وجہ سے ’چنار ٹاؤن‘ یا ’دی ٹاؤن آف چنارز‘ کے نام سے مشہور ہے۔</p><p>پادشاہی باغ کی خاموش دلکشی ہو یا دارا شکہو گارڈن کی تاریخی شان، یہ باغات صرف بجبہاڑہ کی شناخت اور فخر ہی نہیں بلکہ کشمیر کی تاریخ و وراثت کے بھی امین ہیں۔</p><p>بجبہاڑہ صرف ایک قصب ہ ہی نہیں بلکہ تہذیبوں کا سنگم ہے۔ یہاں ریشیوں، صوفیوں اور اولیاء نے قیام کیا اور محبت و اخوت کا درس دیا۔ علاقے کی ہندو، مسلم اور سکھ روایات نے مل کر اس زمین کو مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی علامت بنا دیا ہے۔</p><p>بجبہاڑہ میں موجود چنار کے بعض درخت صدیوں پرانے ہیں۔ اور یہ درخت مغل دور اور قصبے کے تابناک ماضی کے خاموش گواہ ہیں۔ یہ چنار صرف درخت نہیں بلکہ کشمیر کی تہذیب و تاریخ کا اٹوٹ حصہ ہیں۔</p>
